بنگلور:12 مئی 2019(سیدھی بات نیوز سروس/ زرائع)(محمد فرقان)رمضان المبارک کو تمام مہینوں پر فضیلت حاصل ہے جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا کلام قرآن مجید اسی ماہ مقدس میں نازل ہوا ہے۔اس مبارک ماہ کی ایک بابرکت رات میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر قرآن مجید نازل فرمایا اور اس کے بعد حسب ضرورت تھوڑا تھوڑا حضور اکرم ﷺ پر نازل ہوتا رہا اور تقریباً 23 /سال کے عرصہ میں قرآن مکمل نازل ہوا۔لہٰذا قرآن مجید کو رمضان المبارک سے خاص تعلق حاصل ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار معروف عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔شاہ ملت نے فرمایا کہ قرآن مجید سمیت تمام آسمانی کتابیں رمضان المبارک میں ہی نازل ہوئی ہیں۔اور قرآن مجید تمام کتابوں کا سردار اور تمام دینی و دنیاوی علوم کا مرکز ہے۔قرآن مجید جس امت پر نازل ہوئی وہ امت محمدیہ تمام امتوں میں افضل ہے، جن شہروں میں نازل ہوا وہ مکہ مدینہ تمام شہروں میں افضل ہے، جس رات میں نازل ہوا وہ شب قدر ہزاروں راتوں سے افضل ہے، جس ماہ مبارک میں نازل ہوا وہ رمضان المبارک تمام مہینوں میں افضل ہے، جس پیغمبر پر قرآن مجید نازل ہوا وہ محمد رسول اللہ ؐتمام انبیاء کے سردار ہیں۔لہٰذا قرآن مجید سے تعلق عروج و بلندی کی ضمانت ہے۔نیز قرآن مجید رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔مولانا قاسمی نے فرمایا کہ آج اغیار قرآن مجید کی آیتوں پر ریسرچ کرکے اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں لیکن افسوس کے امت مسلمہ قرآن مجید سے دن بہ دن دور ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ ہماری کامیابی، ہماری سر بلندی، ہماری عزت قرآن مجید سے ہی ہے۔لہٰذا قرآن مجید سے تعلق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور رمضان المبارک ہمیں قرآن سے وابستگی کا سبق دیتا ہے۔مولانا نے کہا کہ آقائے دوعالم ﷺ رمضان المبارک میں تلاوت قرآن میں مشغول رہتے رتھے اور حضرت جبریل علیہ السلام آقا ﷺ کو قرآن مجید کا دور کرواتے۔ہمارے اکابرین و اسلاف کا بھی یہ معلوم تھا۔رمضان المبارک میں کثرت سے قرآن مجید کی تلاوت کیا کرتے کیونکہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے اور تراویح نزول قرآن ہی کی یادگار ہے۔مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ یہ مہینہ قدم قدم پر ہمیں قرآن سے مربوط کرتا ہے۔لہٰذا ہمیں عموماً پورا سال اور خصوصاً اس ماہ مبارک میں کثرت کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کرنی چاہئے اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔کیونکہ کہ مسلمان قرآنی تعلیم سے ہی وابستہ ہوکر کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے قرآن اور رمضان کے مشترکہ خصوصیات بتاتے ہوئے فرمایا کہ قرآن اور رمضان کی پہلی اہم مشترکہ خصوصیت تقویٰ کا حصول ہے اور دوسری مشترکہ خصوصیت شفاعت ہے۔کل قیامت کے دن روزہ اور قرآن دنوں بندہ کیلئے شفاعت کریں گے۔لہٰذا آج ضرورت ہیکہ ہم اسی رمضان سے قرآن مجید سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور اپنے دلوں کو کتاب الٰہی کے نور سے روشن کریں۔اگر ہم اس کے پابند ہوگئے تو دونوں جہاں میں ہمیں کامیابی حاصل ہوگی۔

SHARE

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here